نئی دہلی: ملک کی پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی وجہ سے اس سال عام بجٹ اور ریلوے بجٹ دونوں ہی حسب دستور فروری میں پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے کے بجائے مارچ میں پیش کیے جائیں گے۔چونکہ الیکشن کمیشن آف انڈیا انتخابات کے دوران مرکزی حکومت و ریاستی حکومتوں کو کوئی پالیسی یا رعایتوں کا اعلان کرنے کی اجازت نہیں دیتا اس لیے بجٹ بھی پیش نہیں کیے جا سکتے کیونکہ اس میں عوام کو رعایتیں بھی دی جاتی ہیں اور ان کے لیے اسکیموں کا بھی اعلان ہوتا ہے۔پانچوں ریاستوں میں ووٹنگ سے لے کر نتائج کے اعلان تک کا انتخابی عمل 9مارچ کو مکمل ہو جائے گا۔12مارچ 2012کو پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کر لیا جائے گا اور 16مارچ 2012کو 2012-13کا مرکزی بجٹ پیش کر دیا جائے گا۔ریلوے بجٹ 14مارچ کو اور اقتصادی سروے 15مارچ کو پیش کیا جائے گا۔بجٹ اجلاس 30مارچ 2012کو اختتام پذیر ہوگا۔پارلیمانی امور کے وزیر پون کمار بنسل نے بھی ان تاریخون کی تصدیق کر دی ہے۔












