لندن : برطانیہ کے شہزادہ فلپ تیسرے روز بھی اسپتال میں داخل رہے ۔ انہیں گذشتہ دنوں دل کی شریانوں میں خون پہنچانے والے راستے میں رکاوٹیں آنے کی وجہ سے علاج کے لیے داخل کیا گیا تھا۔بکنگھم پیلیس کے حکام کے مطابق ملکہ ایلزبتھ دوئم کے 90سالہ شوہر بظاہر ہشاش بشاش ہیں مگر پھر بھی حفظ ماتقدم کے طور پر مزید کچھ مختصر مدت کے لیے انہیں اسپتال میں ہی زیر مشاہدہ رکھنا ہوگا۔ شہزادہ فلپ کو سینہ میں درد کی شکایت کے بعد اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی طبی جانچ کی گئی۔ اپنی علالت کی وجہ سے وہ شاہی خاندان کی باکسنگ ڈے شوٹنگ پارٹی میں بھی شرکت نہیں کر سکے۔ شہزادہ فلپ ہمیشہ مصروف رہنے کی وجہ سے کافی مشہور ہیں اور حال ہی میں وہ ملکہ کے ساتھ دس روز کا دورہ آسٹریلیاکر کے آئے ہیں۔اتوار کو شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری سمیت فلپ کے چھ پوتوں نے اسپتال جا کر ان سے ملاقات کی۔










